ماڑی پور، علاقہ مکینوں کا بجلی بندش کے خلاف احتجاج، ٹریفک معطل

10 ستمبر ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ماڑی پور بازار کے قریب علاقہ مکینوں نے بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا اور ہاکس بے روڈ کے دونوں ٹریک بند کردئیے گئے جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہماری بجلی گزشتہ چھ روز سے بند ہے پانی بھی نہیں آرہا ،کے الیکٹرک کے دفتر آنے پر روز ٹال مٹول کی جارہی تھی اور کہا جاتا تھا آپ جائیں بجلی بحال ہوجائے گی،ہم بل کی ادائیگی کے لئے تیار ہیں لیکن لاکھوں روپے بل ادا نہیں کرسکتے،مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ ہم پیپلز پارٹی کے ووٹرز ہیں تاہم ہمیں کوئی سہولت نہیں دی جارہی۔بعد ازاں علاقہ معززین پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی سے کے الیکٹرک کے مذاکرات ناکام ہوگئے، اہل علاقہ نے بتایا کہ بل آئے ہی نہیں تو ادا کیسے کریں۔