مالیاتی پالیسی کمیٹی اجلاس رواں ہفتہ،شرح سود میں کمی کا امکان

10 ستمبر ، 2024

اسلام آباد ( حنیف خالد)مالیاتی پالیسی کمیٹی اجلاس رواں ہفتہ،شرح سود میں کمی کا امکان،اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق بنک کی مالیاتی پالیسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہفتہ رواں میں ہو گا جس میں پاکستان کی معاشی ترقی کے مختلف اعشاریوں کا تفصیلی تجزیہ کیا جائیگا اورمعاشی جائزے کی روشنی میں سٹیٹ بنک کی مالیاتی پالیسی کمیٹی بنک کے پالیسی ریٹ / بنک ریٹ پر نظرثانی کرے گی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ گزشتہ پروگرام اور نئے سات ارب ڈالر کے تین سالہ پروگرام کی خاطر سٹاف لیول مفاہمت جو جولائی 2024 کو ہوئی اس مفاہمت میں وزارت خزانہ کی ٹیم کے ایک رکن کی حیثیت سے سٹیٹ بنک کے سابق گورنر اور سابق وفاقی سیکرٹری نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر جنگ کو بتایا کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی مالیاتی پالیسی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پالیسی ریٹ میں سو ڈیڑھ سو پوائنٹس کی کمی ہونے کا امکان ہے کیونکہ ملک کے اندر افراط زر کے نمبر مسلسل کم آنے لگے ہیں۔ مہنگائی کی شرح جو پچھلے سال 36 فیصد تک پہنچی تھی گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف اور انکی اقتصادی ٹیم کی کاوش سے دس فیصد سے بھی کم رہ گئی ہے اور مہنگائی سنگل ڈیجٹ نو فیصد کے الگ بھگ ہونے سے اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی مالیاتی پالیسی کمیٹی بنک ریٹ میں جو 29 جولائی 2024 کو کم کرکے ساڑھے اٹھارہ فیصد کیا گیا تھاآئندہ جمعرات 12 ستمبر کو ہونیوالے سٹیٹ بنک مالیاتی پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرکاء امکانی طور پر بنک ریٹ / پالیسی ریٹ کم کرکے ساڑھے سترہ یا سترہ فیصد تک کم کر دینگے ۔ اس اقدام سے سے کاروباری طبقے کی طرف سے کئے جانیوالا یہ مطالبہ کچھ حد تک پورا ہونا شروع ہو جائیگا جو پالیسی ریٹ میں چار فیصد کمی کرنے کیلئے کہہ رہے ہیں ۔سابق گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان کی رائے میں جب افرط زر کی شرح سنگل ڈیجیٹ میں آ گئی ہو تو اس وقت بنک ریٹ میں یک دم چار فیصد کمی کرنا معاشی اہداف کیلئے زیادہ سود مند نہیں ہو گا۔ جمعرات کو ہونیوالے مالیاتی پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کا اعلان گورنر سٹیٹ بنک ضمیر احمد ایک میڈیا کانفرنس میں جمعرات کی سہ پہر کرینگے۔