کی بورڈ کے ذریعے انقلاب لانیوالے عوام کیلئے کچھ نہیں کر سکتے،وزرا ء

10 ستمبر ، 2024

اسلام آباد ( طاہر خلیل)وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کی بورڈ کے ذریعے انقلاب لانے والے عوام کیلئے کچھ نہیں کر سکتے پختون قوم روایات کی امین ہے ماں، بہن، بیٹی کے احترام کی پختون روایات صدیوں پر محیط ہیں جلسے میں علی امین گنڈاپورنےجو زبان استعمال کی وہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے عہدے کی توہین ہے، سٹیج پر کھڑے ہو کر خاتون کو للکارنے والا دہشتگردوں اور مجرموں سے ڈرتا ہے، پی ٹی آئی جلسہ میں لوگ خود نہیں نکلے انہیں زبردستی لایا گیا، وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کیا ہی اچھا ہوتا کل یہ قوم کو بتاتے کہ صوبے سے دہشتگردی کا خاتمہ کیسے کیا جائیگا ، پی ٹی آئی کا ناکام جلسہ قوم نے دیکھ لیا ہے یہ کیسا انقلاب تھا جو صرف خاتون کو للکارنے آیا تھا علی امین گنڈا پور نے ناکام جلسے کا غصہ مریم نواز اور اداروں پر نکالا، پی ٹی آئی فارن فنڈڈ جماعت ہے ، یہ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو ڈیفالٹ کرانا چاہتے تھے انہیں غصہ ہے کہ وفاقی حکومت ڈیلیور کر رہی ہے اور ان سے ڈیلیور نہیں ہو رہا،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے پاس مریم نواز سے موازنہ کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے ، نوجوانوں کو گالم گلوچ کے ذریعے بڑھاوا دیا جا رہا ہے مگر یہ کام چلے گا نہیں ، ابھی تکلیف یہ ہے کہ ملک میں بہتری آ رہی ہے، انہوں نے خیبرپختونخوا میں رشوت کو قانونی حیثیت دیدی ہے، انہوں نے سرکاری وسائل کے استعمال پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔