ٹرمپ اور کاملاکا پہلا انتخابی مباحثہ آج، دونوں کی مقبولیت یکساں

10 ستمبر ، 2024

نیویارک (عظیم ایم میاں)ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ کاملاہیریس کے درمیان امریکی صدارت کے لیے پہلا انتخابی مباحثہ بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے اور آج (10؍ستمبر)کو ہونے والے مباحثہ کے آغاز سے قبل ہونے والے ایک سروے کے اعداد و شمار کے مطابق دونوں امیدوار کی حمایت و مقبولیت یکساں طور پر 47؍فیصد ڈونلڈ اور 47؍فیصد کملا کو حاصل ہے لہٰذا صدارت کے لیے مقابلہ انتہائی سخت ہے اور اس مباحثہ کے نتیجے میں کسی بھی امیدوار کو سبقت حاصل ہو سکتی ہے، مقابلہ کانٹے دار اور اہم اثرات کا حامل ہوگا ۔ڈونلڈ ٹرمپ کو گزشتہ آٹھ سال کے عرصے میں 15؍سے زائد انتخابی مباحثوں کا تجربہ حاصل ہے جبکہ کملا ہیریس امریکی صدارت کے لیے اپنی زندگی کے پہلے انتخابی مباحثہ میں حصہ لیں گی، دونوں امیدوار آج کے انتخابی مباحثہ کے لیے سنجیدگی سے تیاری کررہے ہیں اور رپورٹ کے مطابق کملا ہیریس ٹرمپ حکومت کی کارکردگی، ٹرمپ کے بیانات، موقف، وعدوں سے انحراف اور تضادات کا مطالعہ کرنے کے علاوہ ٹرمپ کے جارحانہ انداز کا سامنا کرنے کی تیاری اور اپنے مشیروں سے مشورے بھی کررہی ہیں۔