اوورسیزکشمیری یواین اسمبلی سے بھارتی وزیرخارجہ کے خطاب پر احتجاج کرینگے

11 ستمبر ، 2024

واشنگٹن( جنگ نیوز) امریکا میں مقیم اوورسیز کشمیری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے79ویں اجلاس سے بھارتی وزیرخارجہ کے خطاب کے موقع پر28ستمبر کونیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پر پرامن احتجاج کریں گے۔ اس سلسلے میں تیاری کے لئے امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے سپرنگ فیلڈ میں ایک اجلاس منعقد کیاگیا،جس کے شرکا کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات پر عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔اجلاس میں شریک ہرفرد کو کم از کم 10 افراد کو احتجاج میں لانے، مقامی مساجد کے آئمہ کرام سے احتجاج کے بارے میں اعلانات کرنے کی درخواست، سردار شعیب ارشاد کو کوآرڈینیٹر نامزد کرنے اور واشنگٹن سے نیویارک تک کم از کم تین بسیں روانہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں ممتاز کشمیری رہنمائوں نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹرجی این میر، ڈاکٹر غلام نبی فائی اور سردار زبیر خان شامل تھے ۔احتجاج کا مقصد کشمیر کی صورتحال کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور تنازع کشمیر کے پرامن حل کے لیے زور دینا ہے۔