میرے کیس میں تاریخ پر تاریخ دی جا رہی ہے، تمام خواتین کاایشوہے،عظمیٰ بخاری

11 ستمبر ، 2024

لاہور( این این آئی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ میرے کیس میں تاریخ پر تاریخ دی جا رہی ہے، یہ تمام خواتین کاایشو ہے،خیبرپختون خوا ہائوس دہشت گردوں اورشرپسندوں کاگڑھ بن چکاہے، وزیراعلیٰ دھمکیاں دیتے ہیں۔ ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور نے دہشت گردوں والی زبان استعمال کی، ریاست کے خلاف ایسی زبان کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم صوبوں کو لڑانا نہیں چاہتے، خیبرپختونخوا ہ بھی ہمارا صوبہ ہے، پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میری چھٹی یا ساتویں پیشی ہے اور میرے کیس میں تاریخ پر تاریخ دی جا رہی ہے ،یہ صرف میرانہیں بلکہ یہ ان سب خواتین کاکیس ہے،جنہیں سوشل میڈیا پر ذلیل کیاجارہاہے۔ انہوں نے ایف آئی اے کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ ابھی تک ایک جعلی ویڈیو بھی سوشل میڈیا سے نہیں ہٹائی گئی ، اگرآپ کوئی ایپ سنبھال نہیں سکتے تو اسے بند ہی کر دینا چاہیے۔ ایف آئی اے والے زیرو کارکردگی کے ساتھ آتے ہیں دوبارہ ٹائم لیکر نکل جاتے ہیں۔ جن اکانٹس سے گندا مواد اپلوڈ ہوتا ہے ان کو کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے والے کہتے ہیں کہ ہم نے فیس بک کو لکھا ہے مگر انکی طرف سے جواب نہیں آیا۔ اگر کوئی ادارہ پاکستان میں ہوتے ہوئے جواب نہیں دیتا تو ایسے ادارے سے پوچھ گچھ ہونی چاہئے۔