سپریم کورٹ ججز کی تعداد میں اضافے کا بل قومی اسمبلی میں پیش

11 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (آئی این پی ) سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافے کا ترمیمی بل2024قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔ قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد کا ترمیمی بل2024دانیال چودھری نے قومی پیش کردیا ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ اس بل میں عدالت عظمی میں ججز کی تعداد17سے بڑھا کر23کرنے کی تجویز ہے۔ حکومت کی جانب سے بل پر اعتراض نہیں کیا گیا، تاہم اپوزیشن اتحاد کے رہنما محمود خان اچکزئی کی جانب سے اس بل کی مخالفت کی گئی اور ساتھ ہی ایوان میں کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی تاہم جب اراکین کی گنتی کی گئی تو ایوان میں کورم پورا تھا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اس طرح کا بل سینیٹ میں آچکا ہے، جو کمیٹی کو ریفر ہوا ہے ، یہ بل بھی کمیٹی کو ریفر کردیا جائے۔ قومی اسمبلی میں نزہت صادق نے پاکستان تحفظ ماحولیات ترمیمی بل 2024 پیش کیا جس کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔