دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ پاکستان کی آواز ہے، وزیر داخلہ

11 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہا ہےکہ دہشت گردی ہر شکل میں قابل مذمت اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ پاکستان کی آواز ہے، سیاسی و گروہی تفریق سے بالاتر ہو کر پاکستان کو خوارج سے پاک کرنے کا وقت آگیا ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سب کو ایک ہونا ہو گا، عوام کی حمایت سےمعاشرے کے ناسوروں کا صفایا کرینگے۔ تفصیلات کےمطابق عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،ملکی صورتحال اور خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی ہر شکل میں قابل مذمت ہے، دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ پاکستان کی آواز ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سب کو ایک ہونا ہو گا، عوامی نیشنل پارٹی نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی کے لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کیا ہے ،ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج سیاسی و گروہی تفریق سے بالاتر ہو کر پاکستان کو دہشت گرد گروہوں سے پاک کرنے کا وقت آگیا ہے، ان شاءاللہ عوام کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے انسداد دہشت گردی کے لئے اے این پی کی حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو شہید کیا، اس جنگ میں آپ کے ساتھ ہیں۔