چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی تقرری کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل

11 ستمبر ، 2024

لاہور (اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سنگل بنچ کی طرف سے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی تقرری کالعدم قرار دینے کے فیصلے کو معطل کردیا اورچیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسرکو عہدے پر بحال کر دیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کرلیا ۔جسٹس چوہدری محمد اقبال اور جسٹس احمد ندیم ارشد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے وفاقی حکومت کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر منگل کو سماعت کی۔ دوران سماعت فاضل بنچ نے استفسار کیا کہ درخواست میں کونسا نوٹیفکیشن چیلنج ہوا تھا ۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست میں نگران حکومت کا چیئرمین نادرا کی تقرری کا نوٹیفکیشن چیلنج ہوا تھا۔ درخواست گزار کی درخواست صرف نگران حکومت کے نوٹیفکیشن کی حد تک محدود رہی۔ درخواست گزار نے کبھی بھی نئے رول کو چیلنج نہیں کیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ پر مشتمل ایک رکنی بنچ نے چیئرمین نادرا کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا۔ عدالت نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔ عدالت چیئرمین نادرا کو عہدے سے ہٹانے کا سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔