کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی شخصیت اور کردار تمام پاکستانیوں کے لئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ 11 ستمبر کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حصول پاکستان کی جدوجہد میں قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور لازوال قربانیوں کو کسی صورت بھلایا نہیں جاسکتا۔بانی پاکستان کے رہنما اصول اتحاد،تنظیم اور ایمان کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک بہترین پاکستان کی تشکیل کی جانب گامزن ہوتے ہوئے اپنے آنے والی نسلوں کو اچھا مستقبل دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے عملی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے سب سے پہلے مسلمانوں کے لئے جداگانہ وطن کے حصول کو ترجیح دی یہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ہی شخصیت تھی جس کے باعث کانگریس کے عزائم مسلمانوں پر آشکار ہوئے، 1940 کی قرارداد لاہور نے مسلمانوں کے لئے جداگانہ وطن کی منزل کے تعین کو آسان بنا دیا اور 1945 کے انتخابات میں بانی پاکستان کی کاوشوں سے مسلم لیگ کی فتح سے مسلمان برصغیر پاک وہند کی سیاست کا عملی حصہ بن گئے یہ وہی جدوجہد تھی جس کے باعث 1947 میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی پوری زندگی تاریخ پاکستان کا وہ سنہرا باب ہے جو تمام پاکستانیوں کو ہر قسم کی رنگ و نسل اور مسلک و فرقے سے منسلک تعصبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعیت کا درس دیتا ہے اور ہم ان رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے یقیناً ترقی کے زینے طے کر سکتے ہیں اور اپنا آنے والا کل بہتر بنا سکتے ہیں۔