نوازشریف کا سیاسی محاذ پر متحرک ہونے کا فیصلہ، ملک گیر دورے کرینگے

11 ستمبر ، 2024

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کا سیاسی محاذ پر متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے وہ ملک گیر دورے کرینگے۔بتایا گیاہے کہ نواز شریف پارٹی کو منظم کرنے کیلئے سینئر پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کرینگے۔ نوازشریف سب سے پہلے بلوچستان کا دورہ کرینگے، بلوچستان کے بعد سندھ ،پھر خیبر پختونخوا کا دورہ ہوگا۔ تینوں صوبوں کے بعد نواز شریف پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورے کرینگے۔ بتایا گیا ہے کہ نوازشریف پارٹی رہنمائوں کی کارکردگی کا جائزہ لینگے۔ نوازشریف بلوچستان میں پارٹی کو از سرنو متحرک کرنے کیلئے تنظیم نوکے حوالے سے فیصلے کرینگے پارٹی کے مخلص اوردیرینہ ساتھیوں کو اعلی تنظیمی عہدے دئیے جائینگے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب سمیت ملک بھر میں پارٹی کی نئی تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائیگا، تحصیل سطح تک تنظیم سازی کیلئے مشاورت کا عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔