اسلام آباد (خبر نگار، خصوصی نامہ نگار ) انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنمائوں شیر افضل مروت ، عامر ڈوگر ، زین قریشی ، نسیم شاہ ، احمد چٹھہ اور دیگر کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ شعیب شاہین ایڈووکیٹ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجواتے ہوئے ان کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کر دئیے۔ منگل کو سماعت کے دوران گرفتار پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین ایڈووکیٹ کو عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ شعیب شاہین نے کمرہ عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈٹے ہیں ، آپ سچ کے ساتھ کھڑے ہیں ، انشا اللہ حق سچ ہی فتح ہو گی ۔ پراسکیوشن کی جانب سے شعیب شاہین کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، عدالت نے شعیب شاہین کے جسمانی ریمانڈ کی پراسیکیوٹر کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور شعیب شاہین کو کمرہ عدالت میں ہی بٹھانے کی ہدایت کر دی۔ بعد ازاں شیر افضل مروت ، زین قریشی ، عامر ڈوگر ، شیخ وقاص اکرم ، نسیم شاہ اور احمد چٹھہ کو بھی عدالت پیش کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے پانچ اراکین قومی اسمبلی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، شیر افضل مروت نے کہاکہ کیا پولیس کے پاس مقدمے کا کوئی ایک گواہ ہے، اگر ایک گواہ آکر کہہ دے تو اللہ کی قسم میرا ریمانڈ دے دیں۔ بعد ازاں فاضل عدالت نے شعیب شاہین کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تھانہ نون کے مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈپر جیل بھیج دیاجبکہ بعد میں عدالت نےشیر افضل مروت ، زین قریشی ، عامر ڈوگر ، شیخ وقاص اکرم ، نسیم شاہ ، احمد چٹھہ، زبیر خان اور دیگر کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے تھانہ نون کے مقدمہ میں شعیب شاہین کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں دوبارہ پیش کئے جائیں، تھانہ نون میں درج مقدمےمیں 11دفعات لگائی گئی ہیں، ایف آئی آر میں محمود اچکزئی اور وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور، بیرسٹر گوہر، عامر مغل، بلال اعجاز،شیرافضل مروت، زرتاج گل، خالد خورشید، عمرایوب، علی بخاری، نعیم حیدرپنجوتھہ، شیخ وقاص اکرم اور صاحبزادہ حامد رضا کو بھی نامزد کیا گیا، تھانہ سی ٹی ڈی سمیت تھانہ سنگجانی میں 4 الگ الگ دہشتگری کے مقدمات درج کئے گئے تھانہ سی ٹی ڈی میں بھی الگ مقدمہ انسداد دہشتگردی کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا ۔ادھر انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ علی امین نے جو کہا سب ٹھیک ہے ، ہم نے تقریر پرکوئی معافی نہیں مانگی ، صحافیوں سے متعلق علی امین کی گفتگو سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو اس پر معذرت کی گئی ، پی ٹی آئی 10 ستمبرجمہوریت کے سیاہ دن کے طور پر منائے گی، پی ٹی آئی سانحہ 10 ستمبر کبھی نہیں بھولے گی، پی ٹی آئی کے ارکا ن پارلیمنٹ کے جسمانی ریمانڈ کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے متعلق کوئی قانون سازی ہوتی ہے تو اس کی مذمت اور مخالفت کرینگے،کسی بھی صورت میں کسی بھی جج کی ایکسٹینشن عدلیہ کی آزادی پر قدغن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکان کی گرفتاری پارلیمان پر حملہ ہے کیونکہ پارلیمنٹ کے اندر سے کوئی گرفتاری نہیں ہوسکتی ، سپیکر کیلئے لازم ہے کہ اس پر کارروائی کریں۔
اسلام آباد پاک فوج کے چھ میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے اور انہیں نئی ذمہ داریاں...
لاہور پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی میں ڈی این اے اینالسز کیلئے روبورٹ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی ہیومن ایرر...
نیویارک امریکا کے 2024ء کے انتخابات میں عوامی ووٹنگ کا تاریخی مرحلہ آن پہنچا 50؍ امریکی ریاستوں اور 6؍ مختلف...
کراچی امریکی صدارتی انتخابات سے چند گھنٹے قبل مستقبل پر نظر رکھنے والے پنڈتوں نے کملا ہیرس کے صدر بننے کی پیش...
اسلام آباد چینی کی برآمد کے معاملے پر وفاقی اور خیبرپختونخوآمنے سامنے آگئے ، خیبرپختونخوا نے صوبے میں...
اسلام آبادوزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے...
اسلام آباد پی ٹی آئی کی “خاموش “ اور حکومت کی اعلانیہ حمایت سے پارلیمنٹ نے جنرل عاصم منیر کی مدت ملازمت...
اسلام آ باد وفاقی کابینہ نے پیر کے روز پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے والے 6 بلوں کی منظوری دی۔ یہ منظوری وزیر...