190 ملین پاونڈز ریفرنس؛ نیب کے آخری گواہ پر جرح نہ ہو سکی ،سماعت ملتوی

11 ستمبر ، 2024

راولپنڈی (خبر نگار) احتساب عدالت نے وکلا صفائی کی عدم دستیابی کے باعث بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ وکلا کی عدم دستیابی کے باعث نیب کے آخری گواہ پر جرح بھی مکمل نہ ہو سکی۔ منگل کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر ملزمان بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا تاہم وکلا صفائی عثمان گل اور ظہیر عباس چوہدری ہائیکورٹ میں مصروفیات کے باعث اڈیالہ جیل پیش نہ ہو سکے جس کے باعث ریفرنس کے آخری گواہ میاں عمر ندیم پر جرح نہ ہو سکی جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست پر بھی دلائل پیش نہ کئے جا سکے۔ معاون وکیل فیصل چوہدری نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ وکلا لاہور ہائیکورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔ اس موقع پر نیب پراسیکوشن ٹیم نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی مخالفت کر دی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔ ریفرنس کے آخری گواہ پر جرح کیلئے وکلا صفائی کو 16 مواقع دئیے جا چکے ہیں۔ وکلا صفائی کی جانب سے 12وکالت نامے اس ریفرنس میں جمع کروائے گئے ۔ بیرسٹر علی ظفر اور فیصل چوہدری موجود ہیں ، یہ آخری گواہ پر جرح کر لیں۔ اس پر فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت ایک موقع دے ، آئندہ سماعت پر اگر مرکزی وکیل نہیں آتے تو ہم جرح کر لیں گے۔ اس پر فاضل عدالت نے ریفرنس کی سماعت 12ستمبر تک ملتوی کر دی۔