ایسے کالے قوانین بنائے جا رہے جو مارشل لا کے دور میں بھی نہیں تھے،شاہد خاقان

12 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) چیئرمین عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ نام نہاد جمہوری حکومت کے ہوتے کالے قوانین بنائے جا رہے ہیں جو مارشل لا کے بدترین دور میں بھی نہیں تھے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک جلسے کے لیے حکومت اپوزیشن سے خائف ہو کر اندھے اور کالے قانون بنا رہی ہے، آپ نے اسلام آباد میں عوام کے ’فری اسمبلی‘ کے آئینی حق کو ختم کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے دارالحکومت میں جمہوریت نہیں آمریت ہے، ہم اور قومی اسمبلی، سینیٹ کے ممبران ایک ایس ایچ او کی مار ہیں، تمام سیاسی جماعتیں مل کر اپنے حق کو اس قانون کے تابع کررہی ہیں، اپنے آپ کو ایک ’ایس ایچ او‘ اور ایک ڈپٹی کمشنر کے تابع کررہی ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 8ستمبر کو ایک سیاسی جماعت کو جلسہ کی اجازت ملی۔