غزہ سے متعلق عالمی عدالت کی قرار داد پر عمل کیا جائے، عرب لیگ

12 ستمبر ، 2024

ریاض (شاہدنعیم) عرب لیگ نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ سے متعلق عالمی عدالت کی قرار داد پر عمل کیا جائے، سعودی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد کی ترسیل میں اسرائیلی رکاوٹ جنگی جرم ہے، عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا 162 واں باقاعدہ اجلاس مصرکے دارالحکومت قاہرہ میں منعقد ہوا، اجلاس میں غزہ سے متعلق عالمی عدالت کی قرار داد پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا جس میں عالمی عدالت انصاف نے فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کے قبضے کو ناجائز اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ عالمی عدالت انصاف نے اپنی مشاورتی قرار داد میں اسرائیل سے یہودی آبادی کاری کو قطعی طور پر بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’ غزہ میں امداد کی فراہمی کےلیے مصر کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ الاخباریہ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے قاہرہ میں عرب لیگ کے 162 ویں اجلاس کے موقع پر مصری ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ وزار خارجہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا’ سعودی عرب، مصر کے ساتھ تعلقات میں مزید اضافے کا خواہاں ہے، آنے والے دنوں میں سعودی، مصری رابطہ کونسل کے آغاز کی توقع ہے۔ یمن کی سربراہی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں عرب وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ ’عالمی برادری اسرائیل کی موجودہ قبضہ پالیسی کو مسترد کرنے اور اس کے توسیع پسندانہ عزائم پر روک لگانے کے پابند ہیں۔