الیکشن ٹریبونل،صادق سنجرانی اور لیاقت لہڑی کیخلاف عذرداریاں خارج

12 ستمبر ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان ہائی کورٹ کےجسٹس عبد اللہ بلوچ پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے محمد صادق سنجرانی اور لیاقت لہڑی کے خلاف دائر انتخابی عذرداریاں عدم ثبوت اور قانونی نقائص کی بناء پر خارج کردی، الیکشن ٹریبونل نے حلقہ پی بی 32 چاغی پر کامیاب امیدوار محمد صادق سنجرانی (سابق چیئرمین سینیٹ) کے خلاف جمعیت کے میر امان اللہ نوتیزئی کی جانب سے دائر کردہ انتخابی عذرداری کو الیکشن قابل رفتار نہ ہونے، عدم ثبوت اور ناقص شہادتوں کی بناء پر خارج کر دی ۔صادق سنجرانی کی جانب سے قاضی نجیب الرحمنٰ، بلوچ خان، راشد ایوب ،عبدالجلیل بلوچ اور عظمی رزاق ایڈووکیٹ جبکہ امان اللہ نو تیزئی کی جانب سے عبد الستار اور محمد اسحاق نوتیزئی ایڈووکیٹ نے انتخابی عذرداری کی پیروی کی ۔حکومت بلوچستان کی جانب سے نمائندگی اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نصرت بلوچ نے کی۔ الیکشن ٹریبونل نےحلقہ پی بی43 کوئٹہ پر میر لیاقت علی لہڑی کی کامیابی کے خلاف سردار دودہ خان شاہوانی کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کو بھی قابل رفتار نہ ہونے، قانونی سقم اور نقائص کی بناء پر خارج کر دیا۔ سردار دودہ خان شاہوانی کی جانب سے راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے جبکہ میر لیاقت علی لہڑی کی جانب سے بلوچ خان،عبدالجلیل بلوچ اور قاضی نجیب الرحمن ایڈووکیٹ نے انتخابی عذرداری کی پیروی کی ۔حکومت بلوچستان کی جانب سےنمائندگی اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نصرت بلوچ نے کی۔