فیضان بازیابی کیس،حساس ادارے سے 7روز میں رپورٹ طلب

12 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ فیضان کی بازیابی سے متعلق کیس میں حساس اور متعلقہ ادارے سے 7 روز میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور مغوی فیضان کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت کردی ۔عدالت نے بدھ کے روز اپنے حکم نامے میں تمام حساس اداروں سے موبائل نمبرز اور گاڑیاں ٹریس کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے 7 دنوں کے اندر اندر تفصیلی رپورٹ عدالت کو جمع کرائیں جبکہ جسٹس بابرستار نے ریمارکس دیئے کہ لوگوں کو اٹھا کر لے جاتے فیملیز کو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے لاپتہ فیضان کی بازیابی سے متعلق والد عثمان خان کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل ایمان مزاری، ہادی چٹھہ اور اسٹیٹ کونسل و پولیس حکام عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔