بھارت،منی پور میں حالات کشیدہ غیر معینہ مدت کا کرفیو نافذ

12 ستمبر ، 2024

کراچی(نیوزڈیسک)بھارتی شمال مشرقی ریاست منی پور میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد کرفیو نافذ کرنے کے ساتھ ہی انٹرنیٹ تک رسائی بند کر دی گئی ہے۔ مظاہرہ کرنے والے طلبہ کا الزام ہے کہ حکام ریاست میں نسلی تشدد پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔بھارتی حکام نے منگل کے روز شمال مشرقی ریاست منی پور میں پانچ دن کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی کو پوری طرح سے منقطع کر دیا اور مظاہرین و پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے بعد حکام نے متعدد اضلاع میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا۔حکومت کے حکم کے مطابق طلبہ کے احتجاج کی وجہ سے ریاست میں سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کو بھی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔