آکشن زدہ انتخابات کے ذریعے عوامی رائے کی توہین کی گئی‘خالد سخی

12 ستمبر ، 2024

کوئٹہ(پ ر)بی این پی کے مرکزی کونسلر خالد سخی نے کہا ہے کہ فارم 47 کی پیداوار پیراشوٹرز کوئٹہ کے شہریوں پر مسلط کرنے افسوسناک ہے فروری کے انتخابات میں جس طرح عوامی رائے کی توہین کرتے ہوئے ووٹ اور مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا اور شہر کو ٹھیکیداروں اور پیراشوٹرز کے حوالے کیا گیا یہ عمل حقیقی سیاسی جماعتوں اور حقیقی عوامی نمائندوں کی اسمبلیوں تک رسائی روکنے کی ایسی سازش ہے جس کے ذریعے ایسے لوگوں کو پارلیمان کا حصہ بنایا جانا تھا جو عوامی مسائل اور عوام کے حقوق کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کے حصول اور اسمبلی کی بے توقیری کا سبب بنے،انہوں نے کہا کہ بی این پی نے آکشن زدہ انتخابات کے خلاف نہ صرف بھر پور جمہوری طرز احتجاج کو اپنایا ساتھ ہی عوام کی آرا کی حفاظت کیلئے قانونی و آئینی راستہ بھی اپنایا لیکن اب بی این پی کا موجودہ سسٹم سے اعتماد ختم ہو گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام جعلی نمائندوں کا سوشل بائیکاٹ کریں ۔