آر ٹی اے حکام اور ٹریفک پولیس کی کارروائی ،7 کھٹارہ بسیں بند کردی گئیں

12 ستمبر ، 2024

کوئٹہ(خ ن)ہائی کورٹ بلوچستان کے حکم اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی ہدایت پر کوئٹہ میں ناکارہ،پرانی اور منسوخ شدہ بسوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اس حوالے سے سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ منظور احمد کی سربراہی میں آر ٹی اے کوئٹہ اورٹریفک پولیس کے عملے نے سرینا چوک اور دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 7ناکارہ اور کینسل شدہ بسیں بند کردیں جبکہ اس موقع پر متعدد بسوں کی کنڈیشن کا معائنہ کیا گیا ۔ سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ منظور احمد کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ بلوچستان کے حکم اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی ہدایت پر شہر میں ناکارہ،خستہ حال، پرانی اور جن کے پرمٹ منسوخ کئے جاچکے ہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اس کارروائی کا مقصد شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانا، مسافروں کے لیے موجود سہولت کو یقینی بنانا اور آلودگی اور ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنا ہے۔دوسری جانب خستہ حال ،ناکارہ اور خراب کنڈیشن پر متعدد بسوں کے روٹ پرمٹ کینسل کئے گئے ہیں اس کے باوجود بسیں روٹ پر چل رہی ہیں ان کے خلاف کارروائی ضروری تھی۔انہوں نے کہاکہ ناکارہ بسوں کو ضبط اور بس مالکان کو جرمانہ کیاجائے گا تاکہ وہ اپنی بسوں کی مرمت ،دیکھ بھال اور جدید بسیں روٹ پر چلائیں۔