جدید علوم پر دسترس حاصل کر کے ترقی کا حصول ممکن ہے‘پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ

12 ستمبر ، 2024

کوئٹہ(سٹی ڈیسک) جدید علوم سے ہم آہنگ طرزِ تعلیم ہی سے ترقی کی منازل کا حصول ممکن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر بیوٹمزپروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے فکلیٹی آف انجینئرنگ بیوٹمز کے ٹیکسٹائل اینڈ فیشن ڈیزائننگ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام فیشن ڈیزائنگ ایگزیبیشن کے انعقاد پر شریک طلباء اور اساتذہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تدریسی سرگرمیاں اور طلباء کی دلچسپی کے امور کے مابین ربط کو قائم رکھنا اساتذہ کا اولین فریضہ ہے جس سے طلباء کی صلاحیتوں کا بہترین استعمال اور مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔پرو وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر عبدالرحمن خان نے طلباء اور ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر علی نواز مینگل اور چیئرپرسن ڈاکٹرقاسم،ڈاکٹر ریحان عباسی سمیت دیگر اساتذہ کی کاوش کو سراہا،ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ اور مثبت مقابلے کی فضا کو تقویت ملتی ہے ۔