پی ٹی آئی قیادت کیساتھ ناروا سلوک ‘ اپوزیشن کیساتھ ہیں‘ بی این پی

12 ستمبر ، 2024

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے احاطے سے پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور مرکزی رہنماؤں کو گرفتار کرنا قابل مذمت ہے، عوامی نمائندوں کی گرفتاریاں انہیں زدو کوب کرنا ان کی بے توقیری مہذب معاشروں میں عوامی نمائندوں کے ساتھ ایسا رویہ رکھنا کسی کو زیب نہیں دیتا ۔بیان میں کہا گیا کہ حکومت کے اس کردار سے جمہوریت اور جمہوری اداروں کے تقدس کو دانستہ طور پر پامال کیا گیا ،بی این پی ایسی منفی سوچ اور آمرانہ پالیسیوں کو قبول نہیں کرے گی،یہ نام نہاد جمہوریت ہے کہ کسی کو تحریر اور تقریر کا بھی حق نہیں ،بیان میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ ایسا ناروا سلوک کسی بھی صورت قبول نہیں ،پارٹی ایسی غیر جمہوری پالیسیوں کی مخالفت کرتے رہے گی اور سیاسی اخلاقی طور پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کھڑ ی ہے۔