ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاریاں آئینی اداروں کی پامالی ہے ، پشتونخوامیپ

12 ستمبر ، 2024

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی سینئر نائب صدر ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا ، صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی ، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان ودیگر صوبائی ایگزیکٹیوز نے ایک بیان میں گزشتہ دنوں پارلیمنٹ کی بے توقیری اور پارلیمنٹ میں نقاب پوشوں کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کی غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے آمرانہ قوتوں کی جانب سے آئینی اداروں کی پامالی کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ملکی آئین سب سے اہم دستاویز ہے جس کے ذریعے عوام کے نمائندوں کا انتخاب کرکے ایک جمہوری پارلیمنٹ کے ذریعے امورمملکت کو چلایا جاتا ہے۔ لیکن گزشتہ روز فارم 47کی نااہل ، مسلط اور ناکام حکومت نے غیر جمہوری طرز عمل اختیار کرتے ہوئے جس انداز میں پارلیمنٹ پر حملہ کیا اور ارکان پارلیمنٹ کو گرفتار کیا اس سے موجودہ حکومت کے غیر جمہوری رویوں کو اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ فارم 47کی موجودہ حکومت نے تمام قانونی اور آئینی اصولوں کو پامال کرتے ہوئے ملک کے کوشہریوں کو تقریر اور تحریر اور اجتماع کے حق سے محروم کردیا ہے اور اجتماع کے انعقاد پر تین سال قید کی سزا کا قانون بنایا ہے جو دراصل آئین سے متصادم ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ملک کو آئین دینے کیلئے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی لازوال جدوجہد وقربانیاں اور پھر آئین پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کیلئے اور آئین پامالی کے ہر آمرانہ ادوار میں پشتونخوامیپ نے ملک میں مختلف سیاسی جمہوری تحریکوں میں پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں صف اول کا کردار ادا کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔ بیان میں پشتونخوا وطن کے تمام سیاسی جمہوری وطن دوست عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ ملک میں جاری جمہوری اور آمرانہ قوتوں کی لڑائی میں اپنا مثبت سیاسی جمہوری کردار اد اکرتے ہوئے جمہوری قوتوں کا بھرپور ساتھ دیں۔ درایں اثناء صوبائی پریس ریلیز میں جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 13ستمبر جمعہ کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں جنوبی پشتونخوا کے ہر ضلع میں احتجاج کی بھرپور تیاری کرتے ہوئے اتحاد میں شامل سیاسی جمہوری جماعتوں کے ساتھ باہمی صلاح ومشورے کے ساتھ احتجاج کے مقامات، انتظامات اور اس کی تیاری کریں ۔ بیان میں پارٹی کارکنوں کو احتجاجی مظاہروں کی بھرپور تیاری کی ہدایت اور عوام سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔