فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلیے کانفرنس منعقد کی جائےگی ،ملی یکجہتی کونسل

12 ستمبر ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ملی یکجہتی کونسل بلوچستان میں شامل جماعت اسلامی ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ، جماعت اہل حدیث ، پاکستان ملی مسلم لیگ ، جمعیت علمائے پاکستان ، مجلس وحدت مسلمین ، جمعیت اتحاد علماء کے رہنمائوں کے سربراہی اجلاس میں فلسطین غزہ میں طوفان الاقصیٰ کا ایک سال مکمل ہونے پر ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کی جانب سے غزہ میں یہودی اسرائیلی مظالم کے خلاف اور مجاہدین غزہ سے یکجہتی کیلئے یکجہتی فلسطین وغزہ کانفرنس اکتوبر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا کانفرنس کے انعقاد کے لئے ملی یکجہتی کونسل کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی۔ کانفرنس کی تیاریوں اور منصوبہ بندی اور تقسیم کار کے حوالے سے جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر میں پہلا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غزہ فلسطین کانفرنس میں ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر و دیگر قائدین ، علمائے کرام ، دینی طبقات کو شرکت کی خصوصی دعوت دی جائیگی جبکہ سینیٹرز ، وزراء ممبران اسمبلی سمیت اعلیٰ شخصیات کو بھی مشاورت سے مدعو کیا جائے گا ۔ کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سےبد انتظامی ، میڈیا ، تشہیر ، بجٹ سمیت دیگر امور کے حوالے سے کمیٹیاں بھی قائم کردی گئیں جنہوں نے کام شروع کردیا۔