اسٹاک مارکیٹ، آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق بے یقینی ،635 پوائنٹس کم

12 ستمبر ، 2024

کراچی ( نمائندہ جنگ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج،آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق بے یقینی کی خبروں سےمارکیٹ میں مندی کا رحجان، کے ایس ای100انڈیکس میں 635پوائنٹس کی کمی،79 ہزار پوائنٹس کی حد برقرار نہ رہی، 46.92 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی، سرمایہ کاری مالیت میں 55 ارب 22 کروڑ 70 ہزار روپے کی کمی،تاہم کاروباری حجم 4.56 فیصد زیادہ رہا، تفصیلات کے مطابق بدھ کو بھی مالیاتی اداروں کی خریداری سے ٹریڈنگ کے آغاز پر تیزی دیکھنے میں آئی اور 100انڈیکس میں 221 پوائنٹس تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا لیکن بعد ازاں آئی ایم ایف معاہدے میں غیر ضروری تاخیر اور دیگر منفی خبروں کی وجہ سے فروخت کا دباو بڑھ گیا جس سے مارکیٹ میں مندی کا رحجان غالب آگیا اوراختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 634.94 پوائنٹس کی کمی سے 79286.74 پوائنٹس سے کم ہو کر 78651.80 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 256.33 پوائنٹس کی کمی سے 25073.24 پوائنٹس سے کم ہو کر 24816.91 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 264.23 پوائنٹس کم ہو جانے کے بعد 51041.89 پوائنٹس سے گھٹ کر 50777.65 پوائنٹس پرآگیا، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 439 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 178 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 206 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 55 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی،فروخت کے دباو سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 55 ارب 22 کروڑ 70 ہزار روپے کی کمی سے 10470 ارب 51 کروڑ 16 لاکھ 98 ہزار روپے ہو گئی، کاروباری حجم 2 کرور 32 لاکھ 42 ہزار شیئرز کے اضافے سے 53 کروڑ 27 لاکھ 32 ہزار شیئرز ہو گیا، بدھ کو کاروباری حجم کے لحاظ سے مارکیٹ میں ورلڈ کال،پاک الیکٹرون، ویوز ہوم اپلائنس، کوہ نور اسپننگ اور سیکیور لاجسٹک سر فہرست رہے۔