پاکستان کی معاشی ترقی میں تعاون کیلئے پرعزم ہیں، سعودی سفیر

12 ستمبر ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کی معاشی ترقی میں تعاون کیلئے پرعزم ہے، وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے ۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے عندیہ دیا کہ آئندہ مہینوں میں سعودی کاروباری افراد کا وفد مشترکہ منصوبوں اور باہمی سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان آئے گا۔‘بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر خزانہ نے پائیدار معاشی نمو اور استحکام کے لئے اسٹرکچرل ریفارمز کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے مسلسل معاشی تعاون کو سراہا اور سعودی سرمایہ کاروں کے پاکستان کے نجی شعبے میں تعاون اور دلچسپی کے اظہار پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیرخزانہ نے رواں برس واشنگٹن میں سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے سی ای او عبدالرحمان المرشد سے ہونے والی مفید ملاقاتوں کا تذکرہ بھی کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مئی میں سعودی عرب سے پاکستان آنے والے اعلیٰ سطح کے ایک وفد حوالہ بھی دیا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نےپاکستان کی جانب سے اسٹرکچرل اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کے عمل کی تحسین کی ہے اور مملکت کی جانب سے پاکستان کی معاشی ترقی میں تعاون کے اپنے عزم کو دہرایا۔