وفاقی ترقیاتی پروگرام میں کٹوتی سے پارلیمنٹیرینز کے فنڈ کوبچانے کا فیصلہ

12 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(مہتاب حیدر)پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) میں ممکنہ کٹوتی کے امکان کے ساتھ، حکومت نے پارلیمنٹیرینز کے لیے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) حاصل کرنے کے پروگرام(SAP) کیلیے مختص 75 ارب روپے کی رقم کو اس کٹوتی سے محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اعلیٰ سرکاری ذرائع نے "دی نیوز" کو پس منظر میں بتایا کہ حکومت بجٹ وسائل سے PSDP کو 1100 ارب روپے سے کم کرکے 700-800 ارب روپے تک کرنے پر غور کر رہی ہے، لیکن SAP پروگرام کو محفوظ رکھا جائے گا کیونکہ پارلیمنٹیرینز کی مطلوبہ حمایت SAP فنڈز کے استعمال کے بغیر حاصل نہیں کی جا سکتی۔تاہم، وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری کردہ پریس بیان میں اس معاملے پر خاموشی اختیار کی گئی اور بیان کیا کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور اصلاحات، احسن اقبال نے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) 2023-24 کے سالانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی اور صوبائی سیکرٹریز، حکومتی نمائندگان، اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے کئی اہم فیصلے اور سفارشات زیر بحث آئیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اس وقت اہم اقتصادی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، اور ان حالات میں ترقیاتی بجٹ کی تشکیل ایک بڑا کام تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے ان مشکل حالات میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بجٹ، سبسڈیز، تنخواہیں اور پنشن اس وقت قرضوں کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں، اور معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے قومی وسائل پر انحصار بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔