اسلام آباد ( ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار،ایجنسیاں) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں لیکن بانی پی ٹی آئی نے ماحول خراب کردیا تھا، جو بانی پی ٹی آئی عمران نے کیا اگر آپ بھی وہی کریں گے تو کل آپ اور ہم بھی جیل میں ہونگے‘آپ کا لیڈر کچھ عرصے کے لیے جیل میں ہے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کا کیس میرٹ پر لڑیں، آج سیاست کو گالی بنا دیا گیا، آگ بجھانے کے بجائے شعلے مزید نہیں بھڑکانے چاہئیں ‘ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہناہے کہ ہم پارلیمنٹ کے باہر سے نہیں اندرسے گرفتار ہوئے ‘ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزائی نے کہا کہ حکمران اپوزیشن سے دشمنوں جیسا سلوک نہ کرے ‘جو ہوا وہ باعث شرم ہے۔وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ کسی رکن کو پارلیمنٹ ہائوس کے اندر سے گرفتار نہیں کیا گیا‘سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے‘اس کا مشاہدہ کرلیں حقیقت سامنے آجائے گی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر پارلیمنٹ میں ریڈ لائن کراس ہوئی تو جلسے میں بھی کئی لائنیں کراس ہوئیں‘نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈارکا کہنا ہے کہ ریڈلائن کراس کرنا کسی کے حق میں بہتر نہیں‘ سیاست ضرور کریں لیکن ریڈ لائن کراس نہ کریں ،ادھرسپیکر نے میثاق پارلیمنٹ کی تجویز دی،قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کی کارروائی چلانے کیلئے کمیٹی بنانے کی قرار دادمتفقہ طور پر منظور کرلی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے 16 ارکان پر مشتمل کمیٹی بنانے کی قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ باہر جو سیاست کریں وہ ہماری مرضی ہے مگر ایوان میں ہماری ایک ذمہ داری ہے ‘آپ کو ایک ورکنگ ریلیشن شپ رکھنا ہے، آئین کی بالا دستی کے بغیر کوئی ادارہ نہیں چل سکتا ، سیاسی اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن ہم نے مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، مخصوص لابی کبھی نہیں چاہے گی کہ اتفاق رائے ہو۔اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کسی نے میرے باپ کو یا میری ماں کو جیل میں ڈالا،بینظیر بھٹو اور محمد نواز شریف کے مابین میثاق معیشت کے اگلے دن ہی سازشیں شروع ہوگئیں ‘ جسٹس افتخار چوہدری کے ذریعے سازش کی گئی ۔ اختر مینگل کے فیصلے کا احترام ہے مگر مایوسی ہوئی ، انہیں ایوان میں ہونا چاہیے ، پی ٹی آئی ارکان ایوان میں آئیں‘ کمیٹیاں نہ چھوڑیں۔انہوں نے مہنگائی کی شرح میں کمی پر وزیر اعظم کو مبارک باد دی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ سیاسی اختلافات جمہوریت کاحسن ہے اسے ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہئے، بلاول بھٹوزرداری کی باتوں سے کسی کو اختلاف نہیں ہوسکتا،نوازشریف،آصف زرداری ، ان کی ہمشیرہ اور میں خودجیل گیا،کسی کاپروڈکشن آرڈرجاری نہیں ہوا، ہم نے ہائوس کی قدرومنزلت کو کمزورکرنے کی کو شش نہیں کی ، ہمیں پروڈکشن آرڈرز پرکوئی اعتراض نہیں ،جلسہ میں جوتقاریرہوئیں اور خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ نے جوزبان استعمال کی اگروہ ایسا نہ کرتے تویہ واقعہ رونما نہ ہوتا،اگریہ سلسلہ جاری رہا توآئین اور ادارے مفلوج ہوجائینگے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ جمہوریت اور آئین کی مضبوطی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کرچلنا چاہئے، آپس میں الجھتے رہیں گے تو پارلیمان کا وقار مجروح ہوگا۔علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے کہاہے کہ پارلیمیٹرینز کو آپس میں بیٹھ کرمیثاق پارلیمنٹ پر اتفاق کرنا چاہئے،ہمیں بھولنا چاہئے کہ ماضی میں کیا ہوتا رہا، ہماری لیڈرشپ چاہے آپس میں بیٹھے یا نہ بیٹھے مگرکیا ہمارے پارلیمیٹرینز آپس میں بیٹھ کرمیثاق پارلیمنٹ پر اتفاق نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ضمیر اور ذمہ داری کے مطابق اپنا کردار ادا کیا ، سکیورٹی کی ذمہ داری سارجنٹ ایٹ آرمز اور ان کے ساتھ موجوداہلکاروں کی تھی جس پر انہیں معطل کیاگیا، اس واقعہ کی تہہ تک جائوں گا۔مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بطور چئیرمین میں نے ہمیشہ کہا مذاکرات ہونے چاہئے، راستہ نکلنا چاہئے، ہم ملک کیلئے مذاکرات کی بات کرتے ہیں، ہماری اس بات کو کمزوری مت سمجھیں۔ ادھر ایک ٹویٹ میں بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ 10 ستمبر کو کچھ نقاب پوش پارلیمنٹ کے اندر داخل ہوئے ہمارے ایم این ایز کو گرفتار کرنے، اس کی انکوائری اور اس کی تہہ تک جانا لازم ہے۔ جب تک انکوائری نہیں ہوتی ہمیں حقائق سے آگاہ نہیں کیا جاتا تب تک ہمارے 9/10 ایم این ایز کے علاوہ باقی ایم این ایز پارلیمنٹ میں آئیں گے اور نہ کمیٹیوں میں جائینگے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ منگل کو جو سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، اس میں واضح ہے کہ کسی پارلیمنٹیرین کو پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتار نہیں کیا گیا،پی ٹی آئی والوں کی فاشسٹ سوچ ہے، ان میں بات سننے کا حوصلہ نہیں۔
اسلام آبادقومی احتساب بیورو نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز شریف کی بریت کے بعد ان کی جانب سے زرِ ضمانت...
اسلام آباد راولپنڈی کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے پر برق رفتاری سے کام جاری ، 75فیصد کام مکمل کر لیا، یہ کام 134دن...
کراچی چیئرمین پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ بورڈ آف پیس ایرانی جنگ کے ملبے میں دفن...
اسلام آ باد حکومتی کفایت شعاری ،اقدامات کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری آئی بی کے سپرد،وزیر اعظم شہباز شریف کی...
اسلام آبادبیورو کریسی کیلئے اہم خبر ہے کہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان حکومت ابرار احمدمرزا کو تبدیل کردیاگیا...
اسلام آبادامریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے اپنی 2026 کی سالانہ رپورٹ میں ایک اہم اور چونکا...
اسلام آ باد وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کی وزارت دفاعی امور کی جانب سے وانا میں کامیاب حملے کا...
اسلام آباد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 مؤخر کر دیا گیا ہے۔ فورم جو پہلے 8...