گرفتاریوں پرسپیکرکاایکشن‘سکیورٹی عملہ اورCDAکے 10اہلکارمعطل

12 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(طاہر خلیل، رانا غلام قادر ) پارلیمنٹ ہائوس کے اندر سے اپوزیشن ارکان کی گرفتاریوں کی انکوائری رپورٹ پر سپیکر سردار ایاز صادق کا فوری ایکشن، سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت سیکورٹی اور سی ڈی اے کے 10 اہلکار معطل کر دیئے گئے ۔ سپیکر نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی جس کی انکوائری رپورٹ پر کارروائی کی،پارلیمنٹ ہائوس کے اندر سے ارکان قومی اسمبلی زین قریشی ،شیخ وقاص اکرم ، نسیم الرحمٰن اور شاہ احمد خٹک کو گرفتار کیاگیا تھا۔ سکیورٹی میں غیر ذمہ داری پر سارجنٹ ایٹ آرمز اور چار دیگر سکیورٹی اہلکاروں کو معطل کر دیا ۔ سیکشن آفیسر مجاہد حسین کے دستخط سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سارجنٹ ایٹ آرمز اور دیگر چار اہلکاروں کو چار ماہ کیلئے معطل کیا گیا ، ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس کی سکیورٹی کے معاملے پر 20 گریڈ کے سارجنٹ ایٹ آرمز قومی اسمبلی محمد اشفاق اشرف ،سکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد اور 3 جونیئر اسسٹنٹ سکیورٹی آفیسرز عبیداللہ، وحید صفدر اور محمد ہارون کو معطل کر دیا ،پی ٹی آئی کے ممبران پارلیمنٹ کی گرفتاری کیلئے کئے گئے آپریشن میں پارلیمنٹ ہا ئوس کی لائٹس کو بجھا نے کے الزام میں سی ڈی اے کے پانچ ملازمین کو ملازمت سے معطل کردیاگیا ، معطل ہونے والوں میں مظفر حسین الیکٹریشن ظہیر عباس الیکٹریشن اور ذالفقار علی جنریٹر آپریٹر ،رضا علی فائر الارم اور ارشد کھوکھر فائر الارم شامل ہیں ۔ 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری افتخار احمد سر براہ ، دیگر ارکان میں جوائنٹ سیکرٹری رضوان اللہ ، جوائنٹ سیکرٹری ،ارشد علی خان اور ڈپٹی سیکرٹری راجہ فرحت عباسی شامل ہیں۔