جلسے میں عوام کی بات کے بغیر گالم گلوچ ہوئی، شاہد خاقان

12 ستمبر ، 2024

لاہور(جنگ نیوز)عوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی جلسے میں وزیراعلیٰ کے پی نے جو گفتگو کی وہ ایسے عہدے کو زیب نہیں دیتی، جلسے میں عوام کی بات کے بغیر گالم گلوچ ہوئی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا قابل اعتراض بیان واپس لینے پر بھی تیار نہیں ہیں جو کہ قابل افسوس ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جلسے میں وزیراعلیٰ نے عوام کی کوئی بات نہیں کی، صرف گالم گلوچ اور الزامات لگائے، آپ ذمہ دار آئینی عہدے پر ہوں تو آپ کا ہر بیان آپ کی ذات اور عہدے کی عکاسی کرتا ہے۔ علی امین گنڈاپور کی تقریر میں استعمال ہونے والے الفاظ کی مذمت ضروری ہے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بدنصیبی ہے نہ جمہوریت، نہ عوام اور نہ ملک کی مشکلات کی بات ہے، ہمیں کسی نئے قانون کی ضرورت نہیں۔ سنگجانی جلسے کےلیے خاص طور پر قانون بنایا گیا قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس کروایا گیا۔