خیبرپختونخوا، پولیس کا احتجاج، دھرنا اورپولیو ڈیوٹی سے بائیکاٹ کا اعلان

12 ستمبر ، 2024

لکی مروت ،باجوڑ (آئی این پی )خیبرپختونخوا میں لکی مروت کے بعد باجوڑ میں بھی پولیس ٹارگٹ کلنگ واقعات کیخلاف سراپا احتجاج بن گئی اور انسداد پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا گیا ۔ لکی مروت میں پولیس کا احتجاج بدھ کو تیسرے روز میں داخل ہو گیا ، لکی مروت کے پولیس اہلکاروں نے مزید دو مقامات منجیوالہ چوک اور درہ پیزو میں بھی دھرنا دیدیا۔ ان دھرنوں سے شہر کو ملانے والے تمام راستے کٹ گئے ہیں۔لکی مروت میں پولیس کے احتجاج کا یہ سلسلہ نو ستمبر کو شروع ہوا تھا، اہلکاروں کا مطالبہ ہے کہ پولیس کو مکمل اختیار دیا جائے، پولیس جوانوں اور افسران کو تخفظ دیں اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں سے پولیس لائن کو خالی کر دیا جائے۔ اہلکاروں کا کہنا تھا کہ پولیس خود تین ماہ میں دہشت گردی ختم کردیگی۔ اہلکاروں کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ پولیس یونین کو بحال کیا جائے اور غیر محفوظ و دور دراز تھانہ براگی کو ختم کیا جائے۔