غزہ، اسکول پر بمباری، حملے خواتین، بچوں سمیت 64 شہید، اسرائیلی ہیلی کاپٹر تباہ، 2 فوجی ہلاک

12 ستمبر ، 2024

غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک ) اسرائیلی طیاروں نے ایک بار اسکول کی عمارت پر بم برسادیئے، پناہ گزین کیمپ سمیت مختلف حملوں میں 24گھنٹوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت مزید 64فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، نصیرت کیمپ میں الجاونی اسکول پر بمباری میں 18، دیگر حملوں میں 46فلسطینی شہید ، غزہ میں فوجی آپریشن میں مصروف اسرائیلی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دوصیہونی فوجی ہلاک اور7زخمی ہوگئے ،اسرائیلی فوج کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا کسی نے نشانہ نہیں بنایا، ہیلی کاپٹر زخمی انجنیئر کومنتقل کررہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے نصیرت مہاجر کیمپ میں الجاونی اسکو ل پر بم برسادیئے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 18فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔صیہونی فوج نے اسکول پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہاں حماس کا کمانڈ سینٹر تھا تاہم اس سے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ حملوں میں کون مارا گیا ۔ اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے مختلف علاقوں پر خوفناک بمباری جاری رکھی جس میں 46فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ شہداء کی مجموعی تعداد 41ہزار 84ہوگئی ہے جبکہ 95ہزار29افراد زخمی ہیں ۔