ملکی شرح خواندگی کم،تعلیمی اہداف کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے

12 ستمبر ، 2024

ملتان (فورم رپورٹ؍شازیہ ناہید)پاکستان کے قیام کے 77 سال بعد بھی خواندگی کی شرح 60فیصد سے آگے نہ بڑھ سکی۔ تعلیم ہمارے ملک کے لوگوں ، برسر اقتدار طبقے کی پہلی پانچ ترجیحات میں شامل نہیں ہے ۔فوری طور پر ایک نیا تعلیمی کمیشن قائم کیا جائے ۔ تعلیم کے مطلوبہ اہداف کے حصول کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔اگلے پانچ سال کے لئے صحیح معنوں میں تعلیمی ایمرجنسی لگا کر تمام اخراجات کا رُخ تعلیمی شعبے کی طرف موڑ دیا جائے۔ قائد اعظم کے پیغام’’ تعلیم کا مسئلہ ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے‘‘ کو یاد رکھا جائے۔ان خیالات کا اظہار ’’ تعلیم ۔۔۔حقیقی ترقی کے لئے ناگزیر‘‘ کے موضوع پر جنگ فورم میں ماہرین نے کیا۔سابق ای ڈی او یجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ میں پیش کی گئی حالیہ سرکاری رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں دو کروڑ 62لاکھ سے زیادہ بچے سکولوں سے باہر ہیں ۔