محکمہ صحت ملتان کے ویئرہاؤس سے دو کروڑ سے زائد مالیت کی انسولین وائلز چوری

12 ستمبر ، 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ صحت ملتان کے وئیرہاؤس سے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 29ہزار انسولین وائلز کی چوری کے معاملہ کی اعلیٰ سطح تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، جس کا کنونئیرپروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد خلیل کو بنایا گیا ہے ، جبکہ اراکین میں ڈائریکٹرجنرل ڈرگ کنٹرول پنجاب محمد سہیل اور ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیاں سرمد حسین شامل ہیں ،جبکہ محکمانہ نمائندہ کے طور پر جنرل منیجر میڈیکل سٹور ڈپو لاہورکو مقرر کیا گیا ہے ،انکوائری کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 60روز کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ کرے ،واضح رہے کہ اس چوری کے انکشاف پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل رضا قیصرانی اور ڈی ایچ او ڈاکٹرذیشان حیدر گردیز ی کو ذمہ دار قرار دے کر معطل کردیا گیا تھااور پیڈاایکٹ کے تحت ان کے خلاف انکوائری کا حکم دیا گیا ،جس پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ،دونوں افسران کو باقاعدہ چارج شیٹ جاری کردی گئی ہے ،جس کے مطابق دونوں افسران پر غفلت ، غیر ذمہ داری اور اس خوردبرد میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے گئے ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سات روزکے اندر ان الزامات کا تحریری جواب داخل کرائیں ۔