ہنگری نے پاکستانی طلباء کے سکالرشپس کی تعداد کو دوگنا کر دیا

12 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) ہنگری نے پاکستانی طلباء کے سکالرشپ کی تعداد کو دوگنا کر دیا۔ پہلے دو سو پاکستانی طلباء کو ہنگری کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع تھے جو اب چار سو طلباء کیلئے بڑھا دیئے گئے۔ پاکستان اور ہنگری نے پارلیمانی دوستی گروپس کیلئے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاک ہنگری پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا پہلا اجلاس بدھ کو قومی اسمبلی میں ہنگری کے سفیر بیلا زیکاس فزیکاس کی موجودگی میں ہوا جس کی صدارت پاک ہنگری پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ (PFG) کے کنونیئر اور رکن قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور نے کی جن کا تعلق مری سے ہے۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اہم قدم اٹھایا گیا۔ شرکاء میں گروپ کے اہم ارکان قومی اسمبلی نوید عامر جھیکا‘ عماراحمد خان لغاری بھی شامل تھے جنہوں نے پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلقات کو گہرا کرنے کیلئے متحرک انداز میں گفتگو میں حصہ لیا۔