انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل آج پاکستان پہنچیں گے

12 ستمبر ، 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) بین الاقوامی سمندری امور کی تنظیم (آئی ایم او)کے سیکرٹری جنرل پاکستان کا تین روزہ دورہ کرینگے۔ یہ بات وزارت خارجہ حکومت پاکستان کی طرف سے کہی گئی ہے۔ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کی تاریخ میں اُسکے کسی سیکرٹری جنرل کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہو گا جو آج 12ستمبر سے شروع ہو گا اور 13ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس دورے میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل پاکستان کی قیادت اور سینئر حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کرینگے۔ مسلح افواج کے سربراہان سے بھی سیکرٹری جنرل آرسینیو انتونیو ڈومنگیز ڈلاسکو کی ملاقاتوں کا شیڈول تیار کیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری جنرل کے اس دورے میں پاکستان اور انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے درمیان میری ٹائم سیکٹر اور بلیو اکانومی پر تبادلہ خیال ہو گا۔ پاکستان جو انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کا بانی رُکن ہے محفوظ اور صاف سمندروں پر موثر جہاز رانی کے آئی ایم او کے وژن کے ساتھ گہرے طور پر وابستہ ہے۔ پاکستان نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کونسل میں پانچ معیاد تک خدمات انجام دی ہیں اور ہمیشہ آئی ایم او کے مقاصد کی پاسداری میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔