چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں،سربراہ آئی سی سی

12 ستمبر ، 2024

دبئی (سبط عارف) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس نے تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کو پاکستان سے منتقل کرنے کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی بھی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار نہیں کیا، تمام ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کے لئے پرعزم ہیں ۔ پاکستان اس وقت چیمپینز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ہے، کیونکہ سابق کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر انگلینڈ میں 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے منعقدہ دبئی میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے جیوف ایلارڈائس نے ٹورنامنٹ کے مقام کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس کی کامیاب میزبانی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان سمیت اپنے رکن ممالک کے باقاعدہ دورے کرتا رہتا ہے۔