بہن کلثوم کی وفات کا غم ہمارا پورا خاندان نہ کبھی بھولا اور نہ بھول سکتا ہے، وزیر اعظم کا کلثوم نواز کی برسی پر خراج عقیدت

12 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے سابق خاتون اول اور صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی چھٹی برسی پر خراج عقیدت پیش کی ہے ۔وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ بہن کلثوم نواز کی وفات کا غم ہمارا پورا خاندان نہ کبھی بھولا ہے اور نہ بھول سکتا ہے، مادرِ جمہوریت محترمہ کلثوم نواز کی ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا محترمہ کلثوم نواز نے بطور اہلیہ، ماں، بہن اور سیاسی قائد، جرات و بہادری اور صبر و استقامت کی ناقابل فراموش تاریخ لکھی،محمد نواز شریف کیلئے وہ ایک فولادی ڈھال تھیں آمریت کے خلاف ان کی قابل فخر اور یادگار تحریک سیاسی تاریخ کا روشن باب ہے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وہ مشرقی روایات اور اقدار کا پیکر تھیں، بڑوں کا احترام، چھوٹوں سے شفقت اور ہمیشہ دانائی کی بات کرنا ان کی شخصیت کا حصہ تھا اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔