پشاور (نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ چاپلوس ، چمچہ نہ ہی کسی کا غلام ہوں ، ہم بھی سافٹ وئیر اپڈیٹ کرسکتے ہیں ، اگر کسی کی کوشش ہے کہ میں اسلام آباد نہیں جا سکوں گا، پنجاب، سندھ یا بلوچستان نہیں جا سکوں گا تو پھر کوئی بھی یہاں نہیں آسکے گا ،میں پاکستان کا شہری اور آزاد انسان ہوں، آ پ کو مجھے جواب دینا پڑیگا ،آپ جواب نہیں دیں گے تو میں بولوں گا اور پوچھوں گا ، میں آواز اونچی کروں گا اور نکلوں گا،لوگ کہتے ہیں کہ میرا لہجہ سخت ہے، ٹھیک ہے میں اپنا لہجہ نرم کرتا ہوں لیکن لہجہ نرم کرنے سے میرا نظریہ میری سوچ کبھی نہیں بدلے گا۔ میں بات دھیمے یا سخت لہجے میں کروں فرق نہیں پڑتا، میں اپنے حق کےلئے آواز اٹھاؤں گا، اپنا سر کٹوادوں گا مگر جھکاؤں گا نہیں، صحافی ہمارے بھائی ہیں وہ میری ذات پر کچھ بھی بول دیں خیر ہے ، نیب احتساب نہیں بلکہ انتقامی کارروائی کیلئے بنی ہے، میرے جوانوں کا خون بہہ رہا ہے ، بحیثیت وزیراعلیٰ وفد بھیج کر پڑوسی ملک سے بات کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منظر عام پر آگئے ہیں اور پشاور میں بار کونسلز ایسوسی ایشنز کی تقریب سے خطاب میں ان کہنا تھاکہ وکلا برادری پر عدل وانصاف کی فراہمی جیسی اہم ترین ذمہ داری عائد ہے، وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جہاں انصاف کا بول بالا ہو، کوئی بھی معاشرہ پرسکون و مطمئن تب ہوتا ہے جب افراد کو حق و انصاف کی فراہمی کا یقین ہو، بد قسمتی سے ہمارا عدالتی نظام افسوسناک حد تک کمزور ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں وکلا برادری کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کے ان تمام جوانوں اور افسروں کو سلام پیش کرتا ہوں جو ایسی جگہوں پر اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں جہاں انہیں اگلے لمحے کا نہیں پتہ کہ وہ زندہ بھی رہیں گے یا نہیں، میں تمام شہداءاور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتا ہوں لیکن وہ غلط پالیسیوں کی وجہ سے بدنام ہورہے ہیں۔ میرے جوانوں کا اور لوگوں کا خون بہہ رہا ہے کسی کو پرواہ ہی نہیں میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ امن کےلئے پڑوسی ملک سے بات چیت کی جائے لیکن کوئی پرواہ نہیں کرتا ۔ میں بحیثیت وزیراعلیٰ وفد بھیج کر ان سے بات کروں گا اور بات کرکے مسئلہ حل کروں گا کیونکہ میں مزید اپنے لوگوں کا خون بہنے نہیں دوں گا، میں ا س پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے اس سلسلے کو ختم کرنا ہے اور خود سے شروع کرنا ہے اور اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ انہوں نے ہمیشہ حق، سچ اور انصاف کی بات کی ہے اور اداروں کو ذاتی انتقام لینے کے لیے استعمال کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ ہم نے یہ اپنے عمل سے ثابت کیا ہے اور صوبے میں حکومت میں آنے کے بعد کسی سے انتقام نہیں لیا اور نہ ہی صوبائی اداروں کو ذاتی انتقام کے لیے استعمال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ہم نفرتیں نہیں پیدا کرنا چاہتے کیونکہ اس کا نقصان ملک کو ہوتا ہے۔ تاہم اپنے حق، انصاف اور حقیقی آزادی کے لیے بات کرنا ترک نہیں کریں گے، آئین ہمیں اجازت دیتا ہے کہ ہم اپنے حقوق کا دفاع کریں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر ہم قوم کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنا چاہتے ہیں تو ہمیں فیصلہ کرنا ہو گا اور ترجیحات کا ازسر نو تعین کرنا ہو گا۔ ہمارے چیلنجز کچھ اور ہیں، اہداف کچھ اور ہونے چاہئیں مگر بدقسمتی سے ہم کسی اور چیز میں الجھے ہوئے ہیں۔ جب تک ہم اس صورتحال سے باہر نہیں آتے، آگے نہیں بڑھ سکتے۔ وکلاءبرادری سے درخواست کروں گاکہ وہ ایسے کیسز کی پیروی نہ کریں جن کے بارے میں ان کو معلوم ہو کہ کیس انصاف پر مبنی نہیں کیونکہ وکلاءکا کام کیس لڑنا نہیں بلکہ انصاف دلانا ہے۔ بحیثیت وزیراعلیٰ اپنے سرکاری وکلاءسے کہوں گا کہ سرکاری کیس لڑتے ہوئے اگر ان کو معلوم ہو جائے کہ سرکار کا کیس انصاف پر مبنی نہیں اور اس سے کسی کی حق تلفی ہو رہی ہو تو ایسے کیسز اگر وہ ہار جائیں تو میں ان کو سلام پیش کروں گا، میں نہیں چاہتا کہ حکومت کے فائدے کے لئے کسی انسان کا حق چھینوں۔ سرکاری وکلاءکے لئے میں پالیسی دے رہا ہوں کہ وہ غلط چیز کی پیروی نہ کریں بلکہ حق جس طرف ہے اس کا ساتھ دیںاور نا انصافی نہ کریں۔آئین کی بالادستی اور قانون کی عملدراری ہمارا فرض ہے لیکن اس ملک میں بار بار آئین کو توڑا گیا اور آج تک کسی کو سزا نہیں ہوئی ۔ہم سب کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکرسوچنا ہوگا اور اگر ہم نے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر سوچناشروع کیا تو ہمارے 99 فیصد مسائل حل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی ہم سے ہیں اور ہمارے بھائی ہیں وہ میری ذات پر کچھ بھی بول دیں خیر ہے لیکن جب میں کہتا ہوں کہ کچھ لوگ پاکستان کی بات نہیں کرتے، آئین کی پاسداری کی بات نہیں کرتے، ملک میں ہونے والی کرپشن پر بات نہیں کرتے تو پھر میرے پیچھے شروع ہو جاتے ہیں، جب میں نشاندہی نہیں کروں گا تو اصلاح کیسے ہوگی۔
احمدپور شرقیہمحکمہ عالیہ بورڈ آف ریونیوپنجاب کی جانب سے 2015 کی منظور شدہ سکیل اپ گریڈ یشن سمری پر عمل درآمد...
جتوئی جتوئی شہر اور گردونواح میں کم عمر پھٹہ رکشہ ڈرائیوروں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ ٹریفک قوانین سے...
رحیم یار خان ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی...
علی پور علی پور،صرافہ ایسوسی ایشن کے سرپرست نے عہدیداران برطرف کرنیکا فیصلہ اکثریت سے مسترد کر دیا،تفصیلات...
رحیم یارخان سرکاری ملازمین سروں پر کفن باندھ کر نکلے ہیں اور اپنا حق لئے بنا کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے‘...
لیہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابدہ فرید کی زیر صدارت ریونیو ریکوری اہداف، پلس پروجیکٹ، کھیوٹ و میوٹیشن...
خانیوال گولی چلنے سے نوجوان زخمی ہوگیا‘تفصیل کے مطابق خانیوال کے نواحی علاقہ 38/10Rمیں خود سے گولی چلنے سے...
ٹھٹھہ صادق آباد ٹھٹھہ صادق آباد پولیس کی کاروائی ،ملزم گرفتار، 18 لیٹر شراب برآمد ،مقدمہ درج، تفصیل کے...