مقبوضہ کشمیر ، بھار تی ریاستی دہشتگردی کی ایک اور کارروائی، 3نوجوان شہید،متعدد گرفتار

15 ستمبر ، 2024

سری نگر(آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کی ایک اور کارروائی میں 3نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ اننت ناگ میں نامعلوم افراد کے حملے میں 2بھارتی فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے بارہ مولا اور نواحی علاقوں کا محاصرہ کرکے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی جبکہ لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کا حکم دیا گیا گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا اور فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کیری میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران فرضی مقابلے میں شہید کیا۔ دوسری جانب اننت ناگ کے علاقے میں نامعلوم افراد کے حملے میں 2بھارتی فوجی مارے گئے۔ حملے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ فائرنگ میں 4بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ علاقے کے محاصرے اور بھارتی فوج کی بدسلوکی کے خلاف احتجاج کے لیے گھروں سے نکلنے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ادھر بھارتی فوجیوں نے مختلف شہروں اور دیہات میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دورا ن درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا ،تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے تلاشی کے عمل میں خواتین کو بھی ہراساں کیا گیا۔ بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف ) او ر پولیس اہلکاروں نے پونچھ اور کشتواڑ،پلوامہ، سلام پورہ ، سرنکوٹ سنائی، دراب شالہ بنگر اور دیگر مقامات پر گھر گھر تلاشی لی۔