اسلام آباد( جنگ نیوز،ایجنسیاں )مجوزہ آئینی ترامیم پر وزیراعظم شہبازشریف مولانافضل الرحمٰن کو منانے کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے اورانہیں آئینی ترامیم پر بریفنگ دی اورساتھ دینے کی درخواست کی تاہم ذرائع کے مطابق سربراہ جے یوآئی نے آئینی ترامیم پر ساتھ دینے سے انکار کردیا۔دوسری جانب پی ٹی آئی نے آئینی ترامیم کے خلاف عدالت جانے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پارلیمنٹ کے اندر بھی آئینی ترامیم کو روکنے کی کوشش کریں گے،ہمارے لوگوں کو اغوا کر کے آئینی ترمیم پر زبردستی ووٹ حاصل کیا جا رہا ہے،ادھر پی پی رہنما شازیہ مری نے کہاہے کہ آئینی ترامیم کامسودہ سامنے آئے توکوئی فیصلہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے رات گئے قانونی ٹیم کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آئینی ترامیم سے متعلق مولانا فضل الرحمٰن کو آگاہ کیا، جس پر مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا ہمارے پاس آئینی مسودہ آ جائے تو ہی سوچ بیچار کرسکتے ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ججز کی مدت ملازمت یا تعداد بڑھانے پر حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے جبکہ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمٰن کو آئینی عدالتوں کے قیام اور ترامیم پر ساتھ دینےکا کہا۔تاہم ایک روز قبل ہی جے یو آئی نے اپنے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کو واضح پیغام دیا ہے کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے قانون سازی میں حصہ نہ لیا جائے، جو رکن بھی آئینی ترامیم کا حصہ بنے گا ،اس کی رکنیت معطل ہو جائے گی۔دریںاثنا تحریک انصاف نے ممکنہ آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ،تحریک انصاف کی میڈیا سٹرٹیجی کمیٹی کا اجلاس رئوف حسن کی صدارت میں ہوا جس میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر سینئر رہنمائوں نے شرکت کی ،اجلاس میں میڈیا نمائندوں کی جانب سے بائیکاٹ ختم کرنے پر الیکٹرانک میڈیا اور کرنٹ افئیر پروگرامز کے بائیکاٹ کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا جبکہ سوشل میڈیا کو مزید ایکٹیو کرنے کی حکمت عملی طے کی گئی ،بعد ازاں سلمان اکرم راجہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تحریک انصاف ممکنہ آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرے گی، ہمارے لوگوں کو اغوا کر کے ائینی ترمیم پر زبردستی ووٹ حاصل کیا جا رہا ہے،ہمارے ارکان کی فیملیز کو ہراساں کیا جا رہا ہے،ہماری جماعت پارلیمنٹ کے اندر آئینی ترمیم کی سخت مخالفت اور بھرپور ردعمل دے گی۔ادھرسینیٹ اجلاس سے خطاب کے ووران اپوزیشن لیڈرشبلی فراز نے کہا ہے کہ بعض لوگ ممبران کو توڑنے، اٹھانے اور اکٹھا کرنے میں لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اجلاس کے لئے بلایا گیا، سارے ملک میں باز گشت ہے کہ نئی آئینی ترمیم لائی جارہی ہے،حکومت نے اپوزیشن تو کیا اپنے ممبران سے بھی آئینی ترمیم شیئر نہیں کی۔دریںاثنا میڈیا سے بات چیت کے دوران پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے بل کا مسودہ سامنے آنے پر مخالفت یا حمایت کا فیصلہ کریں گے ۔ پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ ہماری جماعت نے جمہوریت و قانون کی بالا دستی کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ پارلیمنٹ کو کسی ایک گھمنڈی نے بے توقیر کیا اور اسے قانونی جیل نہیں کاٹنی۔
واشنگٹن امریکا کے47ویں صدارتی انتخاب میں نئی تاریخ بن گئی، زمین کے بعد خلا سے بھی ووٹ پڑگیا۔بین الاقوامی خبر...
دوحہقطر کے عوام کی بھاری اکثریت نے قومی ریفرنڈم میں آئینی ترامیم کی حمایت کر دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے...
تل ابیبڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدارتی انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی...
لاہورپنجاب کے وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نےکہا ہےکہ بابا گرو نانک دیو جی کے 555ویں جنم دن تقریبات...
پشاوروزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی جس میں صوبے...
ڪپشاورخیبر پختونخوا کے اسپتالوں میں خود ساختہ عہدے تخلیق کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی...
راولپنڈیاحتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں 3ماہ اور 37سماعتوں کے بعد آخری گواہ پر بلآخر جرح مکمل...
لندن یارک شائر کے ایسٹ رائڈنگ میں واقع ایک کمرشل پولٹری فارم میں برڈ فلو پھیلنے کی تصدیق ہوگئی۔ HPAI کہلانے...