9 مئی مقدمات،عدالت نے جے آئی ٹی کے سربراہ کو طلب کر لیا

15 ستمبر ، 2024

لاہور (آئی این پی ) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے9مئی مقدمات کی جے آئی ٹی کے سربراہ کو طلب کر لیا۔9مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں ہوئی، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، اعظم سواتی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے ریمارکس دیئے کہ ہم تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر اکھٹی سماعت کریں گے، اگر ان کیسز میں جی آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے تو اس کا ہیڈ کیوں پیش نہیں ہوتا؟ فواد چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ مجھ پر 9 مئی کا کوئی الزام نہیں ہے، میرا 7 مئی کی مبینہ سازش والی میٹنگ سے کوئی تعلق نہیں، میں نے مئی میں ٹویٹ کیے تھے کہ اگر عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک کے لیے بہتر نہیں۔ بعدازاں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی مقدمات کی جے آئی ٹی کے سربراہ کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔