انسداد دہشت گردی عدالت کا شعیب شاہین کو ضمانت پر رہاکرنے کاحکم

15 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی فوری رہا ئی کا حکم دے دیا اور ریمارکس میں کہا کہ شعیب شاہین کے بارے میں کہا گیا بٹیر نہیں پکڑ سکتے، پھر پستول کا الزام ڈال دیاگیا ،شعیب شاہین ضعیف ہیں اور طبی مسائل کا شکار ہیں، ثابت نہیں ہوتاکہ ان کی وجہ سے پولیس پرحملہ ہوا۔اسلام آبادکی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں شعیب شاہین کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی۔اے ٹی سی عدالت نےشعیب شاہین کی ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی جس کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔عدالتی حکم نامے کے مطابق شعیب شاہین پرسنگجانی میں جلسےکے دوران خلاف ورزیوں پر مقدمہ درج کیا گیا تھا ، اسلام آباد انتظامیہ نےجلسہ مقررہ وقت پر ختم کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم تحریک انصاف مقررہ وقت میں جلسہ ختم کرنےمیں ناکام رہی۔عدالتی حکم کے مطابق مقدمے کے تحت شعیب شاہین پر پولیس اہلکاروں پرتشدد کرنے، چند کو حبس بےجا میں رکھنے اور پولیس اہلکار کو پستول کےبٹ سے تشدد کا نشانہ بنانےکا الزام ہے تاہم ریکارڈ کے مطابق شعیب شاہین سے پستول یا ڈنڈا برآمد نہیں ہوا۔