دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، گورنر /وزیراعلیٰ

15 ستمبر ، 2024

کوئٹہ ( خ ن)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کچلاک بوستان روڑ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج ودکھ کا اظہار کیا ہے. اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم حکومت اور عوام کی مشترکہ کاوشوں سے دہشت و وحشت پھیلانے والوں کے ناپاک عزائم کا خاتمہ کریں گے. انہوں نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشتگردوں اور تخریب کاروں کے قلع قمع کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں. گورنر بلوچستان نے دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی مغفرت اور ان کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ درایں اثناء وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کچلاک بوستان روڑ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے احکامات جاری کئے ہیں یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہید پولیس اہکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے،وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بلوچستان پولیس، لیویز اور سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا بلوچستان سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کی عفریت کا خاتمہ کرکے عوام کے جانی و مالی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔