پاکستان اور چین کے درمیان ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلا ئوپر دوطرفہ مشاورت

15 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور چین کے درمیان ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلا پر دوطرفہ مشاورت کا نواں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ گزشتہ روز یہاں منعقدہ اجلاس میں پاکستان کی وزارت خارجہ کی ڈائریکٹر جنرل (آرمز کنٹرول اور تخفیف اسلحہ ڈویژن)سفیر طاہر اندرابی اور سن شیابو ڈائریکٹر جنرل (آرمز کنٹرول ڈیپارٹمنٹ)، وزارت خارجہ امور عوامی جمہوریہ چین نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فریقین نے ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلا کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر عالمی اور علاقائی سلامتی، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز،سائبر سکیورٹی،مصنوعی ذہانت، بیرونی خلااور جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں دو طرفہ تعاون،کثیرالجہتی فورمز پر ایجنڈا اور حرکیات بشمول اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی، تخفیف اسلحہ کی کانفرنس، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA)، کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کی تنظیم (OPCW) اور اس سے متعلق مختلف کنونشنز/ٹریٹی باڈیز سمیت تخفیف اسلحہ کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل سن شیابو نے سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ سے بھی ملاقات کی۔ پاک چین دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کے ایک اہم حصے کے طور پر ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلا پر باقاعدہ تبادلوں اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور چین آئندہ سال بیجنگ میں ہتھیاروں کے کنٹرول اور عدم پھیلا پر دوطرفہ مشاورت کا 10واں اجلاس منعقد کریں گے۔