غزہ، مہاجرین کی پناہ گاہ اسکول کی عمارت پر پھر بمباری ،حملے،26شہید

15 ستمبر ، 2024

غزہ سٹی، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں مہاجرین کی پناہ گاہ اسکول کی عمارت پر پھر بمباری ، مختلف علاقوں پر حملوں کے نتیجے میں 26فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ، الزیتون اسکول پر دو میزائل داغے گئے جس میں دو بچوں اور خاتون سمیت پانچ فلسطینی شہید ہوگئے ، غزہ سٹی پر ایک عمارت پر حملے میں 11فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ رات گئے متعدد علاقوں میں رہائشی عمارتوں پر بمباری میں 10فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے ایک بار پھر مہاجرین کی پناہ گاہ جو کہ ایک اسکول میں قائم تھی پر خوفناک بمباری کردی۔ غزہ کی پٹی میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ جنگ سے بے گھر ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں نے شہدا الزیتون اسکول میں پناہ حاصل کر رکھی ہے۔باسل نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ تازہ ترین اسکول کی عمارت تھی جس میں غزہ کے بے گھر افراد کو اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو بچوں اور ایک خاتون سمیت پانچ فلسطینی شہیداور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔ بسال نے کہا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے شہدا الزیتون اسکول کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا جس کے بعد امدادی کارکنوں اور شہریوں نے میتوں کو ملبے کے نیچے سے نکالا ۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے اسکول کے احاطے پر مطابق حملہ" کیا جسے "حماس استعمال کررہی تھی ۔ اسرائیلی فوج نے مشرقی بیت لاہیا کے ایک بلاک میں بے گھر فلسطینیوں کو فوری طور پر انخلاء کا نیا حکم جاری کیا ہے۔اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان نے فلسطینیوں کو بتایا کہ اس علاقے کو "اس وقت ایک خطرناک جنگی علاقہ سمجھا جاتا ہے"۔ اس علاقے میں المنشیہ، شیخ زید اور بیت لاہیہ پروجیکٹ شامل ہیں۔