ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیؐ جوش و خروش سے منانے کی تیاریاں عروج پر

15 ستمبر ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان 17 ستمبر کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت عید میلاد النبیﷺ انتہائی جوش و خروش سے منانے کے لیے پرجوش ہیں۔ عید میلاد النبیﷺمیں صرف تین دن باقی ہیں، پورا ملک جوش و خروش سے تیاریوں میں مصروف ہے جو اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو رہی ہیں ۔پی ٹی وی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بازار، شاپنگ سینٹرز اور گلیوں کو رنگ برنگی روشنیوں ، ینرز اور جھنڈوں سے مزین کیا گیا ہے جو ایک مسحور کن منظر پیش کرتے ہیں۔ اس حوالہ سے ایک شہری نے کہا کہ سرکاری عمارتیں، مساجد اور نجی گھر وں کو مختلف رنگ کی لائٹوں سے منور کیا گیا ہے جو خوشی اور عقیدت کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔ ایک اور شہری نے بتایا کہ پورے ملک میں روایتی مٹھائیوں کی محسور کن خوشبو اور نعتوں کی آواز سے فضا معمور ہے کیونکہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔ ایک مذہبی اسکالر نے کہا کہ مذہبی اسکالر اور علما اپنے خطابات میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کی تعلیمات اور اہمیت کو اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم امن، محبت اور ہمدردی کے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام کی یاد دہانی ہے، ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل کرنے اور معاشرے میں ہم آہنگی پھیلانے کی کوشش کرنی چاہیے۔