امریکا،بم حملوں کی دھمکی، اہم عمارتیں اور اسکول خالی کرالئے گئے

15 ستمبر ، 2024

اوہائیو(آئی این پی)امریکا کی ریاست اوہائیو میں بم حملوں کی دھمکی کے بعد مسلسل دوسرے دن پبلک اسکولوں اور میونسپل عمارتوں کو خالی کراکر بند کردیا گیا،عالمی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ریاست اوہائیو کے شہر اسپرنگ فیلڈ میں گزشتہ روز بم حملے کی دھمکی کے بعد متعدد سرکاری عمارتوں اور اسکولوں کو دوبارہ خالی کروایا گیا، رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز دو نئی بم دھمکیاں ای میل کے ذریعے موصول ہوئیں۔ ایک ای میل میں شہر کے کمشنرز اور ایک سرکاری ملازم کو بھیجی گئی،دوسری ای میل میں کئی مقامات کو بم سے تباہ کرنے کی دھمکیاں شامل ہیں، جن میں پیرن ووڈس ایلیمنٹری اسکول، روزویلٹ مڈل اسکول، اسپرنگ فیلڈ سٹی ہال، کلف پارک ہائی اسکول، بیورو آف موٹر وہیکلز، اور اوہائیو لائسنس بیورو ساتھ سائیڈ شامل ہیں،سیکورٹی حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت ان تمام عمارتوں کو خالی کروا لیا ہے، تاہم افسران نے دھماکہ خیز مواد کی شناخت کرنے والے کتوں کے ساتھ عمارتوں کا معائنہ کیا اور انہیں کلیئر قرار دیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق اس قسم کے واقعات ایسے وقت میں رونما ہورہے ہیں جب اسپرنگ فیلڈ میں ہیٹی کے تارکین وطن کو نشانہ بناتے ہوئے نسل پرستانہ افواہیں سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں۔