مستونگ واقعہ:ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، سرفراز بگٹی

15 ستمبر ، 2024

کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے درینگڑھ میں فرائض کی انجام دہی کے دوران لیویز کے 2 جوانوں کی شہادت اور تین کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں بحالی امن کیلئے لیویز، پولیس اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی ایک لمبی فہرست ہے، فورسز نے عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنے فرائض کی بجا آوری کی ہے اور ریاست کی رٹ کو برقرار رکھا ہے، بلوچستان کا ہر فرد اپنی بہادر فورسز کی لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے شہید لیویز اہلکاروں کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات اور ورثاء کیلئے صبر جمیل اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر مستونگ کو ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور انہیں قرار واقعی سزا دلوا کر جرائم کی بیخ کنی کو یقینی بنایا جائے۔