دہشتگردی کی نئی لہر منصوبہ بندی کا حصہ ہے‘ پشتونخوانیپ

15 ستمبر ، 2024

کوئٹہ (پ ر) پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی بیان میں کچلاک میں پولیس وین پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں شہید پولیس افسر و اہلکاروں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی ۔بیان میں کہا گیا کہ جنوبی پشتونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی جاری نئی لہر شعوری منصوبہ بندی اور سازشوں کا حصہ ہے اور ایسے انسانیت دشمن واقعات کی روک تھام میں سیکورٹی فورسز اوران کے اداروں کی مسلسل ناکامی ان کی کارکردگی اور مہیا کردہ وسائل کے باوجود سوالیہ نشان ہے، کیونکہ اب تک ہونے والے دہشتگردی کے تمام واقعات میں ملوث ملزمان اوران کے سہولت کاروں کی گرفتاری ممکن نہیں ہوئی۔ بیان میں صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام پر واضح کیا گیا کہ دہشتگرد عناصر کی جانب سے مسلسل پولیس لیویز اور عوام کو نشانہ بنانے کے باعث ایسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے جس طرح خیبر پشتونخوا کے مختلف اضلاع میں پولیس ہڑتال پر مجبور ہوئی ۔